Live Updates

سمبڑیال،سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے 14 افراد کے ورثا میں امدادی چیک تقسیم

اتوار 28 ستمبر 2025 18:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رکن صوبائی اسمبلی پنجاب حناء ارشد جاوید وڑائچ نےسیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے 14 افراد کے ورثاء کو دس لاکھ روپے فی کس معاوضہ کے چیکس تحصیل کمپلیکس سمبڑیال میں ان کے حوالے کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال بھی ہمراہ تھیں۔

رکن صوبائی اسمبلی حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سیلاب متاثرین کے دکھ بانٹنے کے لیے ہر لمحہ ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے یہ معاوضہ ان کے غم کا مداوا تو نہیں لیکن ہمدردی اور احساس کا مضبوط پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل انتظامیہ سمبڑیال کی سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے تیز اور مؤثر کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ حکومت پنجاب قدرتی آفت کی اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ مال، اربن یونٹ، زراعت اور پاکستان آرمی پر مشتمل ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا ڈیجیٹل سروے بھی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سروے مکمل ہونے کے بعد حکومتی ہدایات کے مطابق سیلاب متاثرین کو مکانات اور فصلوں کے نقصانات کا بھی جلد معاوضہ دیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات