میرے شوہر پر لگائے جانے والے الزامات سراسر بلا جواز ہیں، اہلیہ سونم وانگچک

اتوار 28 ستمبر 2025 22:10

لیہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور سینٹرل جیل میں قید مقبوضہ جموں وکشمیر کے خطے لداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے اپنے شوہر کے خلاف الزمات کو سختی سے رد کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انگمو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں انکی کوئی حقیقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 24ستمبر کو صورتحال بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی کارروائیوں کی وجہ سے خراب ہوئی۔گیتانجلی انگمو نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کی حراست کے بعد سے ان کے ساتھ فون پر بھی بات چیت نہیں کر پا رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انکے شوہر نے تمام بیرون ملک دورے معروف یونیورسٹیوں اور عالمی اداروں کی دعوت پر کیے ۔

(جاری ہے)

انگمو نے کہا کہ فروری میں ہونے والی 'بریتھ پاکستان' کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ اور ڈان میڈیا گروپ نے کیا تھا اور اس میں کثیر القومی تعاون شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں میں سونم یا میری شرکت کو کوئی اور رنگ دینا سراسر بلا جواز ہے۔نگمو نے کہا کہ وانگچک چھٹے شیڈول کے نفاذ اور دیگر جائز مطالبات کر رہے ہیں اس پر انہیں نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔