رحیم یار خان: اغواء برائے تاوان اور ڈکیتیوں میں ملوث ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، ساتھی فرار

اتوار 28 ستمبر 2025 22:20

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو مارا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ہونے والا ڈاکو درجنوں سنگین وارداتوں سمیت ڈاکٹر کے اغوائ برائے تاوان کے کیس میں بھی ملوث تھا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب سب انسپکٹر محمد سلیم اور اے ایس آئی سمیت CCD اہلکار چندرامی ریلوے پھاٹک کے قریب گشت پر تھے کہ اس دوران موٹرسائیکلوں پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔

ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ اہلکار محفوظ رہے اور جوابی کارروائی میں **کشمور (سندھ) محلہ فاروقی کا رہائشی شاہنواز عرف شاہان** موقع پر مارا گیا۔پولیس کے مطابق شاہنواز اغوائ برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور گلشن اقبال کے رہائشی ڈاکٹر کے اغوائ کیس میں بھی سہولت کار کے طور پر شامل تھا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد پولیس نے شاہنواز کے قبضے سے کلاشنکوف اور گولیاں برآمد کر لیں جبکہ علاقے میں ناکہ بندی کے باوجود اس کے ساتھی باغو، عبدالعزیز، سعید احمد اور ایک نامعلوم شخص اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔شاہنواز کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ سب انسپکٹر کی مدعیت میں ہلاک ملزم اور فرار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔