حالیہ دنوں میں ہونے والی پیشرفت سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھنے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں‘ خادم حسین

پیر 29 ستمبر 2025 12:42

حالیہ دنوں میں ہونے والی پیشرفت سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھنے کے امکانات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ اور امریکہ سے بڑھتے تعلقات تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کریںگے ، امریکی تعاون کے نتیجے میں توانائی، معدنیات، دفاعی پیداوار، ڈیجیٹل اکانومی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھنے کی توقع ہے،سعودی عرب سے باہمی دفاعی معاہدے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی نئی بنیاد ہے جو تجارتی شراکت داری کو مزید تقویت دے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی مثبت پیشرفت سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھنے کے بھی امکانات پیدا ہوئے ہیں اس لئے پاکستان کو اپنی استعداد بڑھانے کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب پہلے ہی پاکستان میں توانائی، پیٹرولیم اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور دفاعی معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنائے گا جس کے نتیجے میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافہ اور مشترکہ منصوبوں کو نئی رفتار ملنے کی امید ہے، یہ معاہدہ یقینی طو رپر پاکستان کے لیے اقتصادی استحکام کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکٍہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کا فروغ پاکستان کو عالمی منڈی میں ایک زیادہ پراعتماد حیثیت دلائے گا،اس کے نتیجے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا اور توانائی، تعمیرات، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں ترقی کے دروازے کھل سکتے ہیں۔