سندھ میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم میں 3 دن کی توسیع کردی گئی

پیر 29 ستمبر 2025 12:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)کراچی سمیت سندھ بھر میں ایچ پی وی کے خلاف مہم میں تین دن توسیع کا علان کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 12 روزہ مہم میں 59 فیصد بچیوں کو ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ بقیہ41 فیصد بچیوں کو ویکسین لگانے کے لیئے اسکولوں میں سیشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔موبائل ٹیم کو بھی کیچ اپ مہم کے لیئے سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، اس سلسلے میں ایکسپینڈڈ پروگرام آن ایمیونائزیشن سندھ کے پروچیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار نے تمام ضلعی سطح کے ہیلتھ آفیسرز کو خط لکھ دیا ہے۔

خط کے مطابق سندھ میں جاری ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے پہلے 12 دنوں میں 59 فیصد بچیوں کو ویکسین دی گئی ہے۔ مقررہ ہدف پورا کرنے کے لیے محکمہ صحت سندھ نے آج 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک تین روز کی توسیع کی ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران خاص توجہ ان یونین کونسلز پر دی جائے گی جہاں زیادہ بچیاں ویکسین سے محروم رہ گئی ہیں۔اسکولوں میں سیشن بھی جاری رکھے جائیں گے جہاں کوریج 80 فیصد سے کم ہے یا ٹیمیں ابھی تک نہیں پہنچی ہیں۔

اس سلسلے میں تمام فیلڈ ٹیموں اور نگرانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی اضافی بجٹ کے کیچ اپ سرگرمیوں میں حصہ لیں۔کمشنرز ضلعی سطح پر کیچ اپ سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ سماجی رہنماں، اساتذہ، والدین اور مذہبی رہنماں کو آگاہی سیشنز میں شریک کیا جائے گا تاکہ عوامی تائید اور ویکسین پر اعتماد میں اضافہ ہو۔دوسری جانب سول سوسائٹی کی تنظیموں کی مدد سے کمیونٹی آٹ ریچ بیھی بڑھائی جائے گی۔ ساتھ ساتھ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ صحت مراکز اور ضلعی سطح پر استعمال شدہ ویکسین وائلز کا درست ریکارڈ رکھا جائے۔