کراچی، اورنگی ٹائون میں ڈکیتی مزاحمت پر اولاد کے سامنے باپ کا قتل،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی

پیر 29 ستمبر 2025 12:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ڈکیتی مزاحمت پر سفاک ملزمان نے معصوم بچوں کے سامنے ایک باپ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔واقعے کی خوفناک سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقتول سجاد شوکت کو اس کے گھر کی دہلیز پر معصوم بچوں کے ہمراہ نشانہ بنایا گیا۔واقعہ اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ، رحمت چوک کی ایم ایم کالونی میں پیش آیا، جہاں فیصل آباد سے آئے شہری سجاد شوکت اپنے بچوں کے ہمراہ گھر کے دروازے پر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان تیز رفتاری سے وہاں پہنچے۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید شلوار قمیض اور پی کیپ پہنے ایک مسلح ملزم چلتی موٹر سائیکل سے اتر کر سجاد کے قریب آتا ہے۔

(جاری ہے)

سجاد نے خطرہ بھانپتے ہوئے معمولی مزاحمت کی، مگر ملزم نے انتہائی قریب سے گولی چلا دی۔افسوسناک مناظر میں یہ بھی دیکھا گیا کہ فائرنگ کے وقت ایک معصوم بچہ سجاد کی گود میں موجود تھا۔ گولی لگتے ہی سجاد اپنے گھر کی دہلیز پر گر پڑا، جب کہ بچہ یہ منظر دیکھتے ہی خوفزدہ ہو کر گھر کے اندر بھاگ گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرنے والے ڈاکو کا چہرہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، تاہم موٹر سائیکل چلانے والے دوسرے ملزم کی شناخت میں پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے۔تھانہ اقبال مارکیٹ اے ایس آئی قطب الدین نے بتایا کہ فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور چھیپا کے ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر مقتول نوجوان کی میت کو اسپتال منتقل کی اور کرائم سین یونٹ کی مدد سے جائیوقوع کو سیل کرکے شواہدجمع کیے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ مقتول کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ چند روز قبل کراچی میں اپنے سسرال سے ملنے آیا تھا اور اتوار کی شب وہ گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان نے اسے لوٹنے کی کوشش کی جبکہ سجاد نے مزاحمت کی۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد ڈی آئی جی ویسٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او اقبال مارکیٹ کو معطل کر کے عہدے میں تنزلی کر دی ہے۔پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔واضح رہے کہ شہر میں رواں برس ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 65 ہوگئی ہے۔