کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو کا این ڈی ایف بحالی مرکز نواب شاہ کا دورہ

پیر 29 ستمبر 2025 20:10

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو نے این ڈی ایف بحالی مرکز نواب شاہ کا دورہ کیا، کمشنر نے تھراپی سیکشن کا جائزہ لیتے ہوئے معذور بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر این ڈی ایف کے صدر عابد لاشاری نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ این ڈی ایف کی جانب سے سندھ حکومت کے محکمہ (DEPD) کے تعاون سے معذور بچوں کو مفت بحالی کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ معذور بچوں کو فزیوتھراپی، آکوپیشنل تھراپی، اسپیچ تھراپی، سائیکو تھراپی اور ریمیڈیئل ایجوکیشن جیسی سہولیات دی جا رہی ہیں، جو پسماندہ علاقوں کے بچوں کے لیے بالکل مفت ہیں۔اس موقع پر کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو نے کہا کہ این ڈی ایف پاکستان کی جانب سے نواب شاہ کے معذور بچوں کی خدمت کے لیے کی جانے والی انتھک کوششیں لائقِ تحسین ہیں انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کی بحالی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ کمشنر نے صدر این ڈی ایف کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان نیک اقدامات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔