چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب کراچی میں نئے نیب دفتر کا افتتاح کر دیا

پیر 29 ستمبر 2025 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، ایچ آئی (ایم) نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) کی تاریخی عمارت میں نئے تجدید شدہ نیب کراچی آفس کا افتتاح کیا۔ تقریب میں آئی جی سندھ پولیس، کمشنر کراچی اور کراچی کے سرکردہ تاجروں نے شرکت کی۔نیا دفتر نیب کی ادارہ جاتی مضبوطی کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیا دفتر خاص طور پر شہر کے تجارتی اور عدالتی مرکز میں واقع ہے، یہ سہولت نیب کی تمام اکائیوں کو خاص طور پر انوسٹی گیشن ونگز کو ایک ہی چھت کے تلے رکھنے کے لیے ایک اضافی، محفوظ اور فعال جگہ فراہم کرتی ہے۔تزئین و آرائش اور مرمت کا کام 5 ماہ کے مختصر عرصے میں مکمل کیا گیا ہے جس میں چھتوں کی مضبوطی ، 70 کمروں کی تزئین و آرائش اور 95 ورک کیوبیکلز کی تعمیر، خواتین افسران کے لیے وقف سہولیات، نئے دروازے، اطراف کی چار دیواری، سکیورٹی پوسٹس اور لوہے کی جالوں کے ساتھ سکیورٹی میں اضافہ، پولیس اسٹیشن کی تجدیداور انٹر پارکس ، ڈرائیوروں کی برکس اور جدید سہولیات سے آراستہ بلڈنگ کی فن تعمیر شامل ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی، جناب جاوید اکبر ریاض (PSP) نے تقریب کے شرکاء کو بریفنگ دی کہ متعدد چیلنجوں کے باوجود، پراجیکٹ کو مرحلہ وار کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا جس سے نیب کی بلا تعطل کارروائیوں کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیب کراچی کا نیا دفتر لچک، ساکھ اور ادارہ جاتی عزم کی علامت کے طور پر کھڑا ہے، جو تفتیش، استغاثہ، انٹیلی جنس اور انتظامیہ کے لیے مرکزی اور محفوظ سہولیات فراہم کرتا ہے ۔

افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران چیئرمین نیب نے اس بات پر زور دیا کہ نیا دفتر احتساب مشن کی مضبوط بنیاد کی نمائندگی کرتا ہے، نیب کے پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور لگن کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ اس منصوبے کی کامیاب تکمیل نیب کی دور اندیش قیادت اور نیب کراچی ٹیم کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔چیئرمین نیب نے مزید بتایا کہ نیب میں ای آفس سسٹم (NEO) کو بیورو کے فائل پروسیسنگ میکانزم کو جدید اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جوکہ کاغذ پر مبنی روایتی طریقوں کو تبدیل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ نظام ایک محفوظ الیکٹرانک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس کا مقصد نیب کے اندرونی آپریشنز میں کارکردگی، احتساب اور شفافیت کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ یکم اکتوبر 2025 سے نیب کے تمام دفاتر سے کاغذ کا استعمال ختم ہو جائیگا اورنیب مکمل طور پر NEO سسٹم پر منتقل ہو جائیگا۔ چیئرمین نے نیب کے مستقبل کے حوالے سے نقطہ نظر پر بھی روشنی ڈال انہوں نے مزید بتایا کے کہ بیورو جلد ہی اپنی آپریشنل صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید تکنیکی آلات سے فائدہ اٹھائے گا۔

تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کراچی ملک کے معاشی حب کی حیثیت سے قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے معاشی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو منظم اور پیشہ ورانہ طریقے سے دور کرنے کے لیے نیب کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین نے مزید زور دیا کہ نیب اب زمین سے متعلق مسائل کو حل کرنے اور ریگولیٹری اداروں کے اندر بدعنوانی سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دے گا، جس کا مقصد ایک سازگار ماحول پیدا کرنا اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا ہے۔