لداخ کے عوام اگست2019کے مودی حکومت کے یکطرفہ اقدامات کی قیمت چکا ر ہے ہیں،روح اللہ مہدی

منگل 30 ستمبر 2025 00:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے رکن اور سرینگر سے منتخب ہونے والے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغاروح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ لداخ کے عوام اگست2019میں مودی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کای قیمت چکا رہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا روح اللہ مہدی نے سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے اگست 2019میں یکطرفہ اور غیر قانونی طورپر جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کردیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ لداخ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابقہ حامیوں کو بھی اختلاف رائے کے اظہار پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون اور نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس لداخ کے عوام کی اپنے حقو ق کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس چھٹے شیڈول میں شمولیت اور اپنے حقوق کی بحالی کے مطالبے میں انکے ساتھ ہیں۔ روح اللہ مہدی نے کہا کہ لداخ میں جو چیلنجز درپیش ہیں وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ وادی کشمیرکی طرح اب لداخ کے عوام کو بھی انتقامی سلوک کا نشانہ بنارہی ہے ۔