یوٹیوب کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دائر مقدمے کے تصفیے کے لیے 24.5 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق

منگل 30 ستمبر 2025 10:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) معروف امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کے تصفیے کے لیے 24.5 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق یوٹیوب نے جنوری 2021 میں امریکی دارالحکومت کے علاقے کیپٹل ہل میں فسادات جن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کے حملوں میں 140 پولیس اہلکار زخمی ہو گئےتھے، کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا اکائونٹ معطل کر دیا جس پر ٹرمپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے خلاف مقدمہ دائر کیا ۔

ٹرمپ نے اس وقت ٹوئٹر (اب ایکس)، فیس بک کی مالک میٹا اور گوگل کے ساتھ ان کے چیف ایگزیکٹوز پر بھی مقدمہ دائر کیا تھا۔رواں سال کے اوائل میں میٹا اور ایکس نے بھی مالی ادائیگیوں کے ذریعے مقدمات نمٹا لیے تھے۔

(جاری ہے)

رائٹرز کے مطابق یوٹیوب کے معاہدے کے تحت 22 ملین ڈالر ٹرمپ کی جانب سے "ٹرسٹ فار دی نیشنل مال" کو ادا کیے جائیں گے جو ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے اور واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے لیے 200 ملین ڈالر مالیت کے بال روم کے منصوبے کی تعمیر کر رہی ہے، یہ 90,000 مربع فٹ پر مشتمل ہال متوقع طور پر ٹرمپ کی چار سالہ مدت ختم ہونے سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔

باقی رقم دیگر مدعیان کو دی جائے گی جن میں امریکن کنزرویٹو یونین اور امریکی مصنفہ ناؤمی وولف شامل ہیں تاہم یوٹیوب نے کسی قسم کی غلطی تسلیم نہیں کی اور نہ ہی اپنی پالیسی یا پروڈکٹ میں کوئی تبدیلی کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔واضح رہے کہ ٹرمپ کا یوٹیوب اکاؤنٹ 2021 میں مکمل طور پر بند نہیں ہوا تھا بلکہ نئی وڈیوز اپ لوڈ کرنے سے معطل کیا گیا تھا تاہم اسے 2023 میں بحال کر دیا گیا۔ جنوری میں میٹا نے تقریباً 25 ملین ڈالر اور فروری میں ایکس نے تقریباً 10 ملین ڈالر ادا کر کے اسی نوعیت کے مقدمات کا تصفیہ کیا تھا۔ میٹا کے تصفیے کے تحت 22 ملین ڈالر ٹرمپ کی مجوزہ صدارتی لائبریری (میامی، فلوریڈا) کے لیے مختص کیے گئے۔