لاہور، نارنگ منڈی میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 7 ملزمان ہلاک

نارنگ منڈی میں مارے گئے ڈاکوئوں نے چند روز قبل ڈکیتی مزاحمت کے دوران ایک خاتون کو قتل ،شوہر کو زخمی کیا تھا

منگل 30 ستمبر 2025 15:01

لاہور/نارنگ منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 7ملزمان ہلاک ہوگئے،نارنگ منڈی میں مارے گئے ڈاکو چند روز قبل اسی مقام پر ڈکیتی مزاحمت کے دوران ایک خاتون کو قتل اور اس کے شوہر کو زخمی کر چکے تھے۔تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی شیخوپورہ سنگین جرائم میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے تھانہ نارنگ کے علاقہ میں چھاپہ مارنے جارہی تھی ۔

نارووال روڈ پر ڈاکو ناکہ لگاکر راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اچانک پولیس اور ڈاکوئوں کا آمنا سامنا ہو گیا، سی سی ڈی اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔تاہم جوابی فائرنگ سے پانچ ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گئے ۔ہلاک ہونے والوں میں دو ڈاکو شہروز اور عثمان پسران آصف کا تعلق منج گھگڑ تھانہ نارنگ جبکہ دو ڈاکو شعیب اور سیف پسران اویس سکنہ شہزاد ٹائون ظفرپارک مریدکے اور پانچویں کا تعلق آگریاں سے۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے ۔ڈاکوئوں نے چند روز قبل ڈکیتی کے دوران میاں بیوی سمیت مذکورہ روڈ پر متعدد افراد کو لوٹا تھا اور میاں بیوی پر سیدھی فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئی تھی ۔ سی سی ڈی کے مطابق ڈاکو متعدد تھانوں میں ڈکیتی ،قتل ، اغواء جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔سی سی ڈی آر او شیخوپورہ افتخار وریا کی ہدایات پر انچارج ولی حسن پاشا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی ڈاکوئوں سے اسلحہ موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

علاوہ ازیں لاہور ڈیفنس کے فیکٹری ایریا میں بھی سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے کے دوران 2زیر حراست ملزمان ہلاک ہو گئے۔پولیس کے مطابق ملزمان کو باب پاکستان ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت نفیس اور سلمان کے نام سے ہوئی۔ سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔