پاورسیمنٹ کا 7.5 میگاواٹ کیپٹیو ونڈ پاور پلانٹ لگانے کا اعلان

یہ 1.5 ارب روپے کا منصوبہ، چینی ٹربائنز سے ونڈ پاور پلانٹ تیار ہوگا

منگل 30 ستمبر 2025 16:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)پاکستان کی پاور سیمنٹ لمیٹڈ نیملک کے ’’پہلے گرین ٹرانزیکشن‘‘کے طور پر 7.5 میگاواٹ کے کیپٹیو ونڈ پاور پلانٹ لگانے کا اعلان کر دیا۔ گوادر پرو کے مطابق منصوبے کے لیے برج کلین انرجی مضاربہ کی جانب سے 1.5 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ اس کی تنصیب اورینٹ انرجی سسٹمز کے تعاون سے کی جائے گی۔

منصوبے میں استعمال ہونے والی ٹربائنز چین کی معروف کمپنی گولڈ ونڈ فراہم کرے گی۔ گوادر پرو کے مطابق پاور سیمنٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ منصوبہ فوسل فیولز (روایتی ایندھن) پر انحصار کم کرے گا اور پاکستان کی صنعتی سطح پر کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ یہ پیش رفت ملک میں صنعتی سطح پر ونڈ پاور کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے، جہاں پاکستانی کمپنیاں چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے قابل تجدید توانائی کی جانب گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

ستمبر کے آغاز میں گولڈ ونڈ نے بتایا تھا کہ پاکستان میں اس کے کیپٹیو ونڈ پاور منصوبوں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 76 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ مزید 118 میگاواٹ کے منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کراچی کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی لبرٹی ملز بھی اس سبز توانائی کی منتقلی کا حصہ بن چکی ہے، جو مجموعی طور پر 113 میگاواٹ کے ونڈ پاور منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔