ْایف بی آر میں پائیدار اصلاحات کئے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے‘ ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن

منگل 30 ستمبر 2025 16:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں پائیدار اصلاحات کئے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے ، ایڈ ہاک ازم اور نت نئے تجربات کی وجہ سے ٹیکس دہندگان ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں ، ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے جس سمت میں کام ہونا چاہیے اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکس پریکٹیشنرز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر سارے ملک کے لئے مالی وسائل اکٹھے کرتا ہے لیکن اس کا اپنا سسٹم رینگ رینگ کر چل رہا ہے ۔ ہر دور میں اصلاحات کے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کے لئے غیر ملکی اور ملکی ماہرین سے سٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے اور اس کے مطابق پائیدا راصلاحات کی جائیں ۔ مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور انہیں سسٹم میں لانے کے لئے ایف بی آر کو اپنی استعداد میں اضافہ کرنا ہوگا ۔