Live Updates

پالیسی کی ساکھ کی مضبوطی ،اقتصادی رفتار برقرار رکھنے کیلئے مستقل اصلاحات ،پالیسی پر عملدرآمد ناگزیر ہے ‘ مدثرمسعود چوہدری

منگل 30 ستمبر 2025 16:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے سینئر وائس چیئرمین و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ مستقل اصلاحات اور پالیسی پر عمل درآمد ناگزیر ہے تاکہ پالیسی کی ساکھ مضبوط ہو اوراقتصادی رفتار برقرار رہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ امریکہ،پاکستان تجارتی معاہدہ غیر یقینی صورتحال کو کم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری کے بہا ئوکو برقرار رکھے گا۔

انہوںنے کہا کہ سیلاب کے باعث درآمدات تیز رفتار ی سے بڑھنے کا امکان ہے،حکومت پیشگی سوچ بچار کرے کیونکہ سیلاب سے پیدا ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے خوراک کی درآمدات میں اضافہ ہوگا اور مینوفیکچرنگ کی متوقع بحالی کے پیش نظر خام مال کی درآمدات بڑھیں گی جس سے تجارتی خسارہ بڑھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو کئی طرح سے خطرات لاحق ہیں جن میں متزلزل پالیسی اور ماحولیاتی تبدیلیاں شامل ہیں۔آمدن اور مالی استحکام کے اہداف میں ناکامی یا اہم اصلاحات کے نفاذ میں تاخیر سب سے بڑے خدشات ہیں،متزلزل پالیسی کاروباری اعتماد کو کمزور کر سکتی ہے، قرض لینے کی لاگت بڑھا سکتی ہے اور بیرونی مالی خطرات میں اضافہ کرسکتی ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات