حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی کیسز میں اضافے کے تدارک کےلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال

منگل 30 ستمبر 2025 18:04

حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی  کیسز میں اضافے کے تدارک کےلئے  خصوصی اقدامات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے مربوط اور موثر اقدامات یقینی بنارہے ہیں ،حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی کے کیسز میں اضافے کے تدارک کےلئے متاثرہ علاقوں میں خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں اسلام آباد اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کے پھیلاؤ، کیسز کی موجودہ تعداد اور جاری اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ وزیر صحت نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی مہمات کو مزید مؤثر بنایا جائے ، ہسپتالوں میں مر یضوں کے لئے علیحدہ وارڈز مختص کی جائیں اس کے علاوہ وہاں ادویات، بیڈز اور ٹیسٹ کی سہولیات کو بھی یقینی بنا یا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں انسداد ڈینگی کےلئے سرویلنس کو مزیز موثر بنایا جائے ،سپرے، احتیاطی تدابیر اور عوامی آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کےلئے ضلعی حکام اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں ۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی کےلئے عوام وزارت صحت کی جاری گائیڈلائنز پر عمل کریں ،میڈیا اور سول سوسائٹی انسداد ڈینگی کےلئے کلیدی کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عوام کو وباؤں اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی جی ہیلتھ ، جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی ایچ او اسلام آباد نے بھی شرکت کی۔\932