کوئٹہ دھماکے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید

منگل 30 ستمبر 2025 18:04

کوئٹہ دھماکے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت  10 افراد شہید
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکے میں 10 افراد شہید ہوئے ہیں ،سول ہسپتال منتقل کئے گئے26زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے ، فتنہ ہندوستان اور فتنہ خوارج کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے مگر ان حرکتوں سے نہ سکیورٹی فورسز اور نہ ہی حکومت کے حوصلے پست ہوں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سول ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرہادی کاکڑ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹرارباب کامران ودیگر بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ دھماکے میں 2 ایف سی اہلکار اور 8 عام شہری شہید ہوئے ہیں انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں اس وقت 26 مریض زیر علاج ہیں جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بزدلانہ کارروائی تھی جس کا اصل ہدف ایف سی ہیڈکوارٹر تھا، تاہم ایف سی جوانوں نے انتہائی بہادری اور جواں مردی کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور کوئٹہ شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ ان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ ہندوستان اور فتنہ خوارج کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے مگر ان حرکتوں سے نہ سیکورٹی فورسز اور نہ ہی حکومت کے حوصلے پست ہوں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ جاری آپریشنز کی کامیابی کے نتیجے میں دہشتگرد اب سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم سخت سکیورٹی اقدامات کے ذریعے ان کے عزائم کو ناکام بنایا گیا اور آئندہ بھی سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔