Live Updates

جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کےلئے جامع مکالمہ اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی

منگل 30 ستمبر 2025 18:01

جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کےلئے جامع مکالمہ اور اجتماعی کوششیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے قومی چیلنجز کے حل کے لئے سیاسی رابطے اور تعاون کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کے لئے جامع مکالمہ اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدرنے ان خیالات کا منگل کو یہاں ایوان صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے جامع مذاکرات اور اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ ظہرانے میں پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان، سینیٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر منظور احمد کاکڑ، تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عطاالرحمان، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ہدایت اللہ اور متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر عامر چشتی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک اور بیرون ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی اور تعمیر نو کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے شرکاسے اپنی اپنی وزارتوں سے متعلق امور بارے تبادلہ خیال کیا۔\932
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات