Live Updates

پنجاب میں بدترین سیلاب آیا مگر دوسرے صوبوں نے پریس کانفرنسز کرکے سیاست کی، مریم نواز

جب جیل گئی تو میری سیاسی ٹریننگ ہوئی، نہیں چاہتی کسی سے کہوں کہ پنجاب میں سیلاب آگیا اللہ کا واسطہ مجھے کچھ دے دو، ہمیں کسی کے سامنے کشکول پھیلانے کی ضرورت نہیں؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 ستمبر 2025 16:10

پنجاب میں بدترین سیلاب آیا مگر دوسرے صوبوں نے پریس کانفرنسز کرکے سیاست ..
چکوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2025ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میں نہیں چاہتی کسی سے کہوں کہ پنجاب میں سیلاب آگیا اللہ کا واسطہ مجھے کچھ دے دو۔ چکوال میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کا بدترین سیلاب آیا مگر افسوس ہے دوسرے صوبوں نے پنجاب کی تکلیف پر پریس کانفرنسز کر کے سیاست کی، حالاں کہ مجھ سمیت پوری کابینہ دن رات سیلاب زدگان کے پاس موجود تھی کیوں کہ وزیروں کا کام اے سی والے کمروں میں بیٹھنا نہیں بلکہ مشکل میں آپ کے پاس موجود ہونا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جب انسان میں کچھ کرنے کا جذبہ ہو تو وہ کرکے دکھاتا ہے اور اس کا کام خود بولتا ہے، حکومتیں آپ کو آپ کا حق نہیں دیتیں تو آپ اپنا حق مانگو، تمام صوبوں کے عوام کو اپنا حق مانگنا چاہیئے، پنجاب میں جتنے کام ہو رہے ہیں سب آپ کے پیسوں سے ہو رہے ہیں، جن کو سڑکیں، لیپ ٹاپس، سکالرشپ اور سستی روٹی نہیں ملتی اسے سوال کرنا چاہیئے، اچھی ٹرانسپورٹ اور اسپتال میں فری علاج نہیں ملتا اسے حکمران سے سوال کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ میں سیاستدان نہیں بننا چاہتی تھی لیکن گھر میں ہر وقت سیاست کی بات ہوتی تھی، آہستہ آہستہ اپنے والد نواز شریف کی مدد کرتی گئی، میرے والد کو لگا میں بیٹوں سے کم نہیں، میں نے 2011ء میں سیاست جوائن کی اور پہلا الیکشن 2024ء میں لڑا، پانامہ کیس کے بعد میرے والد پر مشکلات آئیں، وہ ایسا وقت تھا جب سب میرے والد کا ساتھ چھوڑ گئے، میں نے کہا میں اپنے والد کا ساتھ نہیں چھوڑوں گی، میں اپنے والد کے ساتھ جیل بھی گئی کمرہ تندور کی طرح تپتا تھا، جب میں جیل گئی تو میری سیاسی ٹریننگ ہوئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور سکالرشپس وصول کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتی ہوں، ہونہار طلبہ نے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا، لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس آپ کا حق ہے جسے ہم نے یقینی بنایا ہے، آپ کے والدین دن رات محنت کرتے ہیں، ہر ماں باپ اپنے بچوں کے خواب پورے نہیں کر سکتے، ماں باپ سے زیادہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے، جو بچہ میرٹ پر ہے سکالرشپ اس کا حق ہے، میرے پاس اللہ کے دیے ہوئے اتنے وسائل ہیں جو آپ کی امانت ہے، دعا ہے پنجاب میں اگلے 5 سال کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات