پنجاب یونیورسٹی شعبہ فزکس کے زیر اہتمام’ کوانٹم صدی: نظریہ اور فکر کے سو سالہ سفر‘پر تقریب

منگل 30 ستمبر 2025 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ فزکس کے زیر اہتمام ’کوانٹم صدی: نظریہ اور فکر کے سو سالہ سفر‘پرالرازی ہال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیئرپرسن شعبہ فزکس ڈاکٹر منزہ ذوالفقار علی،قائداعظم یونیورسٹی اسلام آبادسے ڈاکٹر فرحان سیف، لمز سے ڈاکٹر عائشہ خلیق ، سابق ڈائریکٹر سینٹر فار ہائی انرجی فزکس ڈاکٹر بلال مسعود، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے شرکت کی۔

تقریب کا انعقادبین الاقوامی سال برائے کوانٹم سائنس و ٹیکنالوجی کے سلسلے میں کیا گیا جس میں کوانٹم میکانکس کی تاریخی ترقی اور فلسفیانہ بنیادوں پر روشنی ڈالی گئی ،جن میں بیسویں صدی کے اوائل کے مایہ ناز سائنس دان آئن اسٹائن اور ہائزن برگ کے انقلابی خیالات سے لے کر جدید تحقیق اور اطلاق تک کے پہلو شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں کمپیوٹنگ، ابلاغ، مصنوعی ذہانت جیسے جدید علوم میں کوانٹم تھیوری کے کردار کے ساتھ ساتھ دلچسپ تصورات جیسے کوانٹم ٹیلی پورٹیشن اور کلاسیکی نظام سے کوانٹم نظام تک کے ارتقاء پرسیر حاصل بات چیت کی گئی۔

اپنے خطاب میں پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے کوانٹم سائنس و ٹیکنالوجی کے بین الاقوامی سال کی عالمی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے نوجوانوں کوبا اختیار بنانے میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے کلیدی کردار پر زور دیا۔اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر منزہ ذوالفقار علی نے مقررین،طلباء اوراساتذہ کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت تقریب کو پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ کوانٹم سائنس و ٹیکنالوجی کی دائمی وراثت اور مستقبل کے امکانات پر مزید روشنی ڈالنے کے لیے سلسلہ وار لیکچرز کا انعقاد جاری رہے گا۔اس موقع پر نامور طبیعیات دانوں نے اپنے کلیدی خطابات میں کوانٹم میکینکس کی نظریاتی بنیادوں کے ساتھ اس کے عملی اور تعلیمی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔