وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا قومی مشاورتی اجلاس سے خطاب

منگل 30 ستمبر 2025 23:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان سائن لینگویج (پی ایس ایل ) کی معیار بندی کے عمل کو سماعت سے محروم افراد کی شمولیت کے لئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔یہ بات انہوں نے ایک قومی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں مختلف صوبوں کے نمائندے، ماہرین تعلیم، سماجی کارکنان، یونیسف، میڈیا اور سماعت سے محروم کمیونٹی کے افراد شریک تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ معیاری سائن لینگویج صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ شناخت، ثقافت اور حقوق کی زبان ہے۔ انہوں نے پی ایس ایل کی معیار بندی کو قومی نصاب، مترجمین کی تربیت اور سرکاری و عوامی خدمات میں یکساں استعمال کی بنیاد قرار دیا۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خصوصی تعلیم کے شعبے میں حالیہ اصلاحات کا بھی ذکر کیا جن میں آٹزم سہولیات، غذائیت کے پروگرام، داخلہ مہم، بحالی مراکز کی بہتری اور ڈیجیٹل کتب کی فراہمی شامل ہے۔انہوں نے قومی پی ایس ایل ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سائن لینگویج کو نصاب، میڈیا اور عوامی سروسز میں مکمل طور پر شامل کیا جائے گا۔