دبئی کا ہیمانی گروپ پنجاب میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا

منگل 30 ستمبر 2025 23:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) دبئی کا ہیمانی گروپ پنجاب میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور یہاں خصوصی اقتصادی زون میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ مینوفیکچرنگ پلانٹ کے ساتھ ساتھ ڈسٹری بیوشن کا سیٹ بھی قائم کیا جائے گا۔اس حوالے سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت (پی بی آئی ٹی) اور دبئی کی معروف کمپنی ہیمانی گروپ کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔

اس دستاویز پر دستخط ہیمانی گروپ کے سی ای او مصطفٰی ہیمانی اور پی بی آئی ٹی کے سی ای او عمران خاور نے کئے جبکہ اس موقع پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیئرمین محمد منتہیٰ اشرف بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت اس منصوبے کیلئے سرمایہ مکمل طور پر ہیمانی گروپ کے دبئی آفس سے برآمد کی جانیوالی غیر ملکی کرنسی سے کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین بورڈ محمد منتہیٰ اشرف نے کہا کہ یہ معاہدہ صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا ، جس سے برآمدات میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع اور صنعتی بنیاد کو مضبوطی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شراکت اس امر کی غماز ہے کہ پنجاب سرمایہ کاری کیلئے ایک پٴْرکشش مرکز ہے جبکہ ہماری ترجیح ہے کہ یہاں ایسی صنعتیں لائی جائیں جو نہ صرف روزگا ر کے مواقع پیدا کریں بلکہ غیر ملکی زرمبادلہ میں بھی اضافہ کریں۔ پی بی آئی ٹی کے سی ای او عمران خاور کا کہنا تھا کہ ہیمانی گروپ کی سرمایہ کاری ان اصلاحات کی کامیابی کی زند ہ دلیل ہے جو ہم نے کاروبار میں آسانی کیلئے متعارف کروائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب جدید بنیادی ڈھانچے اور دوستانہ ماحول کی بدولت سرمایہ کاروں کے لیے پسندیدہ مقام بنتا جا رہا ہے۔ ہیمانی گروپ کے سی ای او مصطفیٰ ہیمانی نے کہا کہ معاہدے کے تحت یہ پلانٹ لاہور میں قائم کیا جائے گا جبکہ ہم اپنے کاروبار کو پاکستان میں مزید وسعت دینے کے لیے پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ منصوبہ پی بی آئی ٹی کے تعاون سے خطے کی معیشت میں یادگار حصہ ڈالے گا۔