شاہ رخ 25برسوں میں بھارت کے سب سے نمایاں اداکار بن گئے

یہ رپورٹ جنوری 2000سے اگست 2025کے درمیان ہر سال ریلیز ہونے والی سب سے زیادہ مقبول پانچ بھارتی فلموں پر مبنی ہے

بدھ 1 اکتوبر 2025 10:55

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی)کی ایک نئی رپورٹ کیمطابق بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان بھارت کے سب سے زیادہ نمایاں اداکار کے طور پر سامنے آئے ہیں اور 130 سب سے مقبول بھارتی فلموں میں سے 20 میں شامل ہیں۔انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس کی یہ رپورٹ بعنوان بھارتی سینما کے 25 سال منگل کو جاری کی گئی۔

واضح رہے کہ آئی ایم ڈی بی ایک عالمی مووی ڈیٹابیس ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 25 کروڑ سے زائد ہے۔یہ رپورٹ جنوری 2000 سے اگست 2025 کے درمیان ہر سال ریلیز ہونے والی سب سے زیادہ مقبول پانچ بھارتی فلموں پر مبنی ہے، جنہیں دنیا بھر میں مجموعی طور پر 9.1 ملین سے زائد صارفین کی ریٹنگ ملی۔اس رپورٹ کے مطابق کنگ خان نے 2000 کی دہائی کے اوائل میں بھارتی سینما پر راج کیا اور انھوں نے 2000 سے 2004 کے درمیان ریلیز ہونے والی 25 سب سے مقبول فلموں میں سے آٹھ میں مرکزی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

شاہ رخ خان کی مسلسل مقبولیت نے یہ یقینی بنایا کہ وہ ان سالوں میں بھی جب انکی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی، آئی ایم ڈی بی کی مقبول سلیبریٹیز فہرست میں شامل رہیں، جبکہ وہ 2024 کے ہر ہفتے میں ٹاپ 10 میں بھی شامل رہے۔اس حوالے سے ایک بیان میں کنگ خان نے کہا کہ یہ ان کے لیے حوصلہ افزا ہے کہ ان کی فلموں نے ناظرین پر جو اثر ڈالا وہ اب انکے سامنے ہے۔ میرا مقصد ہمیشہ لوگوں کو تفریح فراہم کرنا اور کہانی سنانے کے ذریعے انکے دل جیتنا رہا ہے اور ہمیشہ سے یہ یقین رہا ہے کہ سینما کی طاقت زبان اور ثقافت کی حدوں سے ماورا ہے۔