صوابی،پولیس مقابلے میں منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) صوابی میں تھانہ کالوخان پولیس مقابلے میں منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیاگیا ۔تر جمان صوابی پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سرکل رزڑ حسن خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ کالوخان عبدالولی خان بمعہ پولیس ٹیم گشت پر مامور تھے کہ اس دوران ایک نوجوان مشتبہ حالت میں آیا اور پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس کی جانب سے تعاقب کرنے پر ملزم نے فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

پولیس نے جوابی کارروائی کے دوران ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا۔ ملزم کی شناخت سجاد عرف مڑز کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے جس کے خلاف گزشتہ 15 سالوں میں منشیات فروشی کے 23 ، چوری سمیت مجموعی طور پر 25 مقدمات درج ہیں۔ ملزم نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت میں مبتلا کرنے میں سرگرم تھا۔ڈی پی او صوابی ضیاء الدین احمد نے کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ ضلع صوابی میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا۔ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں جو نئی نسل کی زندگیوں کو تاریک کرنے میں ملوث ہوں۔