الحمراء امیں بین الاقومی ہسپانوی آرٹسٹو ں کی پیانو اور سیلو پر پرفارمنس

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)لاہور آرٹس کونسل الحمراء اور اسپین کے سفارت خانے کے اشتراک سے موسیقی کی شام کا انعقاد ہوا۔پیانو اور سیلوکنسرٹ میں اسپین سے آئے عالمی شہرت یافتہ موسیقار الڈو ماتا اور کیوشین نے پرفارم کیا اور اپنی دل موہ لینے والی دھنوں سے حاضرین کو مسحور کر دیا۔الحمراء کے اس خوبصورت پلیٹ فارم پر منعقدہ اس عالمی موسیقی کے پروگرام میں معززین، فنونِ لطیفہ کے شائقین، نوجوان موسیقاروں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ہسپانوی موسیقی سے خوب لطف اٹھایا۔

اس موقع پر چیئرمین لاہور آرٹس کونسل، الحمراء، رضی احمد نے کہا کہ الحمراء ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا کی مختلف ثقافتوں، موسیقی اور فنون کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے، ہسپانوی موسیقاروں کی یہ شام اس بات کا ثبوت ہے کہ فن کی زبان سرحدوں کی محتاج نہیں،ہم عالمی سطح پر ثقافتی تبادلے کو فروغ دے کر ایک پرامن، باہمی احترام پر مبنی معاشرے کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل، محمد محبوب عالم نے اپنے تاثرات میں کہا کہ الحمراء عالمی ثقافتی ورثے کو نہ صرف محفوظ کر رہا ہے بلکہ اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے نوجوان نسل تک منتقل بھی کر رہا ہے، بین الاقوامی موسیقی کے پروگرامز نوجوانوں کے ذوق، تخلیقی سوچ اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ الحمراء آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام اس طرح کی تقاریب نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت اور ثقافتی امیج کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ فنونِ لطیفہ کے ذریعے بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔ الحمراء آئندہ بھی دنیا کے مختلف خطوں کی موسیقی اور فنون کو پاکستانی عوام تک پہنچانے کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد کرتا رہے گا۔