ہری پور،سابق ایم این اے بابر نواز خان نے 6 انچ مین گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کر دیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:53

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) سابق ایم این اے بابر نواز خان نے 6 انچ مین گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کر دیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان نے تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان ہری پور کے ہمراہ کھلابٹ ٹاؤن شپ سمیت مختلف علاقوں میں گیس پریشر کے مسائل کے مستقل حل کے لیے نئی 6 انچ مین گیس پائپ لائن کے بڑے منصوبے کا افتتاح کر دیا،منصوبے کا مقصد کھلابٹ ٹاؤن شپ،مکھن کالونی،تربیلا روڈ،چھپر روڈ،قاضیاں،پڈھانہ اور دیگر علاقوں میں کم گیس پریشر کے دیرینہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہے،نئی پائپ لائن 1700 میٹر طویل ہوگی جو چھپر موڑ سے چونگی نمبر ایک تک بچھائی جائے گی جہاں ایک جدید 50 mcf/hr صلاحیت کا نیا ٹی بی ایس (Town Border Station) بھی نصب کیا جائے گا،منصوبے کی تکمیل کے بعد کھلابٹ گیس لائن سے پانچ سی این جی سٹیشنز کو بھی علیحدہ کر دیا جائے گا جس سے کھلابٹ ٹاؤن شپ کے 14,000 سے زائد گھریلو صارفین کو مسلسل اور بہتر گیس پریشر دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سوئی ناردرن گیس کے اعلیٰ حکام کے علاوہ بابر نواز خان کے قریبی معاونین حاجی اشتیاق حیدر،اسد عثمان اور ذاکر خان بھی موجود تھے۔ بابر نواز خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہری پور کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں،گیس پریشر کا مسئلہ طویل عرصے سے عوامی شکایت رہا ہے جسے ہم اب مستقل بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔