یونیورسٹی آف سرگودھا میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز کے اشتراک سے مڈ آٹم (لینٹرن) فیسٹیول کا انعقاد

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:02

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز کے اشتراک سے مڈ آٹم (لینٹرن) فیسٹیول منعقد کیا گیا۔ اس رنگا رنگ تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، جس کا مقصد پاک۔چین ثقافتی تعاون اور دوستی کو فروغ دینا تھا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا چین کے ساتھ تعلیمی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈائریکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مڈ آٹم فیسٹیول جیسے تہوار باہمی تفہیم، علمی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کراچی کے ہوسٹ ڈائریکٹر ناصر الدین خان نے تقریب میں شرکت کی اور چینی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا کی خدمات کو سراہا۔

مڈ آٹم فیسٹیول، جو چین کے اہم روایتی تہواروں میں شمار ہوتا ہے، خاندان کے ملاپ، شکر گزاری اور خوشحالی کی دعاؤں سے منسوب ہے، یہ چاند دیکھنے، لالٹین روشن کرنے اور مون کیک کھانے کے ذریعے منایا جاتا ہے اور ہم آہنگی واتحاد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یونیورسٹی آف سرگودھا میں اس کی میزبانی ثقافتی سفارتکاری اور چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی عکاس ہے۔تقریب میں لالٹین ڈسپلے، ثقافتی پرفارمنسز اور طلبہ کی بھرپور شرکت نے ماحول کو مسحور کن اور جشن کا رنگ دے دیا۔