سینٹ انتھونی ہائی سکول کے طلبہ کا الحمرا آرٹ میوزیم کا مطالعاتی دورہ

بدھ 1 اکتوبر 2025 23:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیرِ انتظام الحمرا ماڈرن آرٹ میوزیم،کلچرل کمپلیکس میں سینٹ انتھونی ہائی سکول کے طلبہ کے وفد نے مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے نامور مصوروں کے عظیم فن پارے دیکھے۔ اس دورے نے طلبہ کے فنی شعور، جمالیاتی ذوق اور ثقافتی آگہی میں نمایاں اضافہ کیا۔

طلبہ نے جن فنکاروں کے فن پارے دیکھے ان میں عبدالرحمن چغتائی، استاد اللہ بخش، صادقین، شاکر علی، ایس صفدر، حنیف رامے، احمد پرویز، کولن ڈیوڈ، اسلم کمال، جمی انجینئر، میری کیترینا، کامل خان، انامولیکا سمیت کئی بین الاقوامی شہرت یافتہ نام شامل ہیں۔یہ قابلِ فخر امر ہے کہ الحمرا آرٹ میوزیم میں116 ممتاز فنکاروں کے175 سے زائد شاہکار فن پارے موجود ہیں، جو نہ صرف پاکستان کے فنی ورثے کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ جنوبی ایشیاء کی تہذیبی روح کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین الحمرا رضی احمد نے کہا کہ فنونِ لطیفہ ایک معاشرے کی تہذیبی بصیرت اور فکری گہرائی کی علامت ہوتے ہیں، ہم نئی نسل کو اس روایت سے جوڑ کر ان میں تخلیق، احساس اور شناخت کا شعور بیدار کرنا چاہتے ہیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا، محمد محبوب عالم چوہدری نے کہا کہ الحمرا آرٹ میوزیم نہ صرف تاریخ کا امین ہے بلکہ مستقبل کی نسلوں کے لیے ایک تخلیقی درسگاہ بھی ہے، جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہم اس ثقافتی خزانے کو دنیا بھر میں متعارف کرا رہے ہیں تاکہ پاکستان کا روشن چہرہ اجاگر ہو۔

اس دورے نے طلبہ کو یہ پیغام دیا کہ آرٹ صرف تصویری اظہار نہیں بلکہ قومی وقار، تہذیبی ورثے اور فکری بالیدگی کا آئینہ ہے۔ الحمرا آرٹ میوزیم آنے والے وقت میں بھی اپنی اس روایت کو قائم رکھتے ہوئے نوجوان نسل کو فنونِ لطیفہ سے روشناس کراتا رہے گا۔کیوریٹر الحمرا آرٹ میوزیم منی ہارون نے وفد میں شامل مستقبل کے معماروں کو میوزیم کی تاریخ، خدمات بارے آگاہ کی۔