بلال اظہر کیانی کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات، دونوں ممالککے برادر نہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

بدھ 1 اکتوبر 2025 21:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلویز بلال اظہر کیانی نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان سے صدارتی محل قصر البحر میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور یواے ای کے درمیان برادرا نہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر مملکت نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے یو اے ای کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور صدر محمد بن زاید النہیان کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

یو اے ای کے صدر نے جوابی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، باہمی تعاون کے فروغ اور خطے میں ترقی و استحکام کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی وزیراعظم کی ہدایت پر ابوظہبی میں جاری عالمی ریل ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر نمائش اور کانفرنس میں بھی شریک ہیں جو ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں اتحاد ریل کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے۔