اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ، آن لائن ڈاکیومنٹ اجرا سروس تقریبا ایک مہینے سے کامیابی کے ساتھ جاری

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ آن لائن ڈاکیومنٹ اجرا سروس تقریبا ایک مہینے سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اس انقلابی اقدام کی بدولت روزانہ سینکڑوں طلبہ اپنی دستاویزات گھر بیٹھے حاصل کررہے ہیں۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے وژنری فیصلے کے تحت یہ سہولت طلبہ کی آسانی اور سہولت کو مدنظررکھتے ہوئے فراہم کی گئی ہے۔

اس سروس کے مثبت نتائج کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 اکتوبر 2025 سے درج ذیل دستاویزات صرف آن لائن ہی فراہم کی جائیں گی اور طلبہ کو اس مقصد کیلئے انٹربورڈ کراچی آنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ طلبہ جو دستاویزات آئن لائن حاصل کرسکتے ہیں ان میں انٹرمیڈیٹ کا پکا سرٹیفکیٹ، انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ کی ویری فکیشن،ڈپلی کیٹ مارکس شیٹ،مارکس شیٹ کی ویری فکیشن،ڈپلی کیٹ ایڈمٹ کارڈ،مائیگریشن سرٹیفکیٹ،پروویژنل سرٹیفکیٹ، ڈپلی کیٹ انرولمنٹ اور ڈپلی کیٹ رجسٹریشن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

طلبہ اپنی دستاویزات کے حصول کیلئے گھر بیٹھے بورڈ کے آفیشل آن لائن پورٹل https://portal.biek.edu.pk کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرواسکتے ہیں۔ مقررہ فیس کی ادائیگی آن لائن ''Kuick Pay'' کے ذریعے کی جائے گی جبکہ تیار شدہ دستاویزات طلبہ کے فراہم کردہ پتے پر براہِ راست پاکستان پوسٹ کے Urgent Mail Service (UMS) کے ذریعے ارسال کردی جائیں گی۔انٹربورڈ کراچی کا یہ اقدام طلبہ کو طویل قطاروں اور غیرضروری پریشانیوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کی ایک بڑی پیشرفت ہے۔