حماس نے مزاحمتی رویے سے دنیا کو فلسطین تسلیم کرنے پر قائل کردیا، ڈاکٹر واسع شاکر

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا ہے کہ حماس نے اپنے مزاحمتی رویے سے دنیا کو فلسطین بطور ریاست تسلیم کرنے پر قائل کردیا، دعوت کا مطلب صرف تقریریں یا اجتماعات کرنا نہیں بلکہ ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے اور مظلوم کی دادرسی کرنے کا نام دعوت ہے اس راہ میں بہت ساری آزمائشیں آئیں گی ، دعوت کے صلہ قربانیوں کے بعد ملتا ہے۔

غزہ میں جاری ظلم کے خلاف بھرپور طریقے سے آواز اٹھانا ہماری ذمے داری ہے ،ہم سب ملکر ظالموں اور ظلم کی مذمت کریں مظلومین کی حق المقدور مدد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے تحت منعقدہ اجتماع کارکنان بسلسلہ تیاری اجتماع عام کل پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، شرکا سے امیر ضلع ڈاکٹر نورالحق اور قیم ضلع راشد خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا کہ دعوت کے لیے تزکیہ نفس کا ہونا ضروری ہے اپنی شخصیت اور اخلاق کو سنوارنا لازم ہے، لوگ نبی کریمؐ کی شخصیت اور اخلاق سے متاثر ہوتے تھے اور ان کی دعوت کو سنتے اور اسلام کی جانب راغب ہوتے ، لوگوں کی مدد کے ذریعے خود کو اللہ کے قریب کریں ،آپ کا رویہ آپ کی دعوت ہے ،اور پھر اس دعوت پر ڈھٹ جائیں ، حماس کی مثال ہمارے سامنے ہے انہوں نے تقریریں نہیں کیں بلکہ اپنے مزاحمتی رویے سے دنیا کو قائل کردیا اور آج دنیا کے بیشتر ممالک جہاں فلسطین کو تسلیم کرنے کا تصور تک نہیں آج وہ ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کررہے ہیں ، دعوت کا مطلب صر ف تقریر یا اجتماع کرنا نہیں ۔

دعوت الی اللہ کے کام کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنالیں ۔اللہ کی رضاکو ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے ،ہم پر لازم ہے کہ ہر فرد تک اللہ اور اس کے رسول کی دعوت پہنچائیں ، یہی جماعت اسلامی کی دعوت ہے ، شہرکراچی میں بے شمار مسائل ہیں اور لوگ ان مسائل کا شکار ہیں ، عوام کے مسائل کو سنیں اور ان کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں ،لوگوں کو جماعت اسلامی کے قریب لائیں ۔

ڈاکٹر نورا لحق نے کہا کہ 21تا 23نومبر کل پاکستان اجتماع عام کی دعوت ہر گھر تک پہنچائیں اور اس اجتماع میں زیادہ زیادہ لوگوں کو شریک کرنے کی کوشش کریں ، تمام حلقہ جات اور علاقہ اپنے اہداف مقرر کریں اور اسے حاصل کرنے کی کوشش کریں ، ہمارا یہ ہدف ہونا چاہیے کہ اجتماع عام میں سب سے بڑا قافلہ جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی سے شریک ہو۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ 5اکتوبر کو ہونے والے غزہ مارچ کے لیے تیاریاں تیز کریں اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بن جائیں۔