جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر جہلم ویلی بھر میں چوتھے روز بھی مکمل شٹر ڈاؤن،پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند،مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:11

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء) جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر جہلم ویلی بھر میں چوتھے روز بھی مکمل شٹر ڈاؤن،پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند،مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے،جہلم ویلی سے درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سیکڑوں افراد چھٹیاں کے مقام پر پولیس کے ساتھ ہلکی توں،تکرار اور رکاوٹیں ہٹانے کے بعد مظفرآباد روانہ،تعلیمی ادارے کھلے،اکثریتی سٹاف،طالب علم غیر حاضر،موبائل،انٹر نیٹ سروسز پانچویں روز بھی مکمل بند،صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض سر انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا،عوام بھی شدید پریشانی سے دوچار،جہلم ویلی بھر میں سخت سیکورٹی،جگہ،جگہ پر پولیس تعینات،چوتھے روز بھی جہلم ویلی بھر میں کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہونے کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز بھی جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر جہلم ویلی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا،چکار،وادی لیپہ،چناری،چکوٹھی،گوجربانڈی،وادی کھلانہ،سراں،چھٹیاں،ساون،کچھا،لمنیاں،ریشیاں،سائیں باغ،کھٹائی اور گردونواح میں شٹر ڈاؤن رہا،چکوٹھی،چناری،ہٹیاں بالا سمیت دیگر ملحقہ علاقوں سے درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار سیکڑوں افراد کا قافلہ صدر انجمن تاجران فیصل گیلانی،تیمور بیگ،اویس خان،عامر روشن اعوان اور دیگر کی قیادت میں مظفرآباد روانہ ہوا تو انھیں چھٹیاں کے مقام پر انتظامیہ اور پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے روک دیا،پولیس کے ساتھ ہلکی توں، تکرار کے بعد شرکاء خود رکاوٹیں ہٹانے کے بعد مظفرآباد روانہ ہو گئے،ضلع بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر چوتھے روز بھی جام رہی،البتہ کئی علاقوں میں پرائیویٹ گاڑیاں اور موٹر سائیکل سڑکوں پر نظر آئے،مختلف بازاروں میں پر امن احتجاجی مظاہرے منعقد کیے گئے،جن میں سیکڑوں افراد نے شرکت کرتے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ آخری دم تک کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا،مقررین نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات جائز ہیں،حکومت فوری طور پر انھیں پورا کرے،آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ایکشن کمیٹی کی پرامن ریلیوں پر فائرنگ سے شہید ہونے والے افراد کے قاتلوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔