آزاد کشمیراحتجاج، مظاہرین نے پہاڑوں سے فائرنگ کی، کیل لگے ڈنڈوں سے تشدد کیا، زخمی پولیس اہلکار

جمعرات 2 اکتوبر 2025 22:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)آزاد کشمیر میں ہونے والے احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نے کہا ہے کہ کشمیر ایکشن کمیٹی کے مظاہرین نے پہاڑوں کے اوپر سے فائرنگ کی اور کیل لگے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کے باوجود آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ نہ رک سکا ۔

احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نے بتایا کہ کشمیر ایکشن کمیٹی کے مظاہرین نے ہم سے اسلحہ چھینا، پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی اور آنسو گیس بھی پھینکی، عوامی ایکشن کمیٹی سے کہا کہ آپ پرامن احتجاج کریں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن منع کرنے کے باوجود مظاہرین پہاڑوں پر چڑھ گئے اور اوپر سے ہم پر فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

زخمی پولیس اہلکار نے بتایا کہ عوامی ایکشن کمیٹی والوں نے کیل لگے ڈنڈوں سے پولیس اہلکاروں کو مارا، مظاہرین کے تشدد سے ایس پی بھی زخمی ہوئے، عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد مظاہرین نے ہماری کوئی بات نہیں سنی۔

زخمی پولیس اہلکار نے کہاکہ ہم ڈھڈیال کے شہر چکسواری کے علاقے پلاک میں ڈیوٹی کررہے تھے، شرپسند مظاہرین نے ہماری رہائش گاہوں کا گھیرائو کیا اور ہمارا سامان تک جلا دیا۔زخمی پولیس اہلکار کے مطابق شرپسند مظاہرین کے پاس 30 بور، نائن ایم ایم کے پستول تھے، اللہ نے ہماری جان بچائی کیونکہ شرپسند مظاہرین نے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، مظاہرین نے کنٹینر ہٹایاجس ایمبولینس میں جا رہا تھا اس کو بھی تباہ کر دیا۔