ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاو ں میں طغیانی کا خدشہ، این ڈی ایم اے کی وارننگ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 5 سے 7 اکتوبر کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے دریاو ں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور وزیرستان سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

دریائے سوات، پنجکوڑا اور درکابل کے بہاؤ میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں ممکنہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ متاثر ہونے والی ممکنہ شاہراہوں میں ٹورغر روڈ (120 کلومیٹر)، بٹگرام روڈ (140 کلومیٹر)، شانگلہ روڈ (160 کلومیٹر)، لوئر کوہستان روڈ (180 کلومیٹر)، تتہ پانی روڈ (320 تا 360 کلومیٹر)، گلگت روڈ (400 تا 420 کلومیٹر)، ہنزہ روڈ (530 کلومیٹر) اور اسکردو-جگلوٹ روڈ کے مختلف مقامات شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسم اور سڑکوں کی صورتحال کے بارے میں ریڈیو، ٹی وی یا پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے معلومات حاصل کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں۔ترجمان کے مطابق، نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر تمام متعلقہ اداروں کو بر وقت معلومات فراہم کر رہا ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے باہم رابطے میں ہیں۔