ڈی پی او فرازاحمد کا تھانہ بڑا گھرمیں کھلی کچہری ، حوالگی مال مقدمہ کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:24

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کے مطابق شہریوں کے جان، مال اور عزت کا تحفظ جاری۔ ڈی پی او فراز احمد کا تھانہ بڑا گھر میں کھلی کچہری اور حوالگی مال مقدمہ کی تقریب کا انعقاد۔ ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے مسروقہ مویشی اور موٹر سائیکل اصل مالکان کے حوالے کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی شکایات اور درخواستیں سنیں اور موقع پر ہی حل کے احکامات جاری کیے۔

پولیس تھانہ بڑا گھر نے 2ڈکیت گینگز کے 5خطرناک ملزمان گرفتار کیے۔ ملزمان سے 53مویشی، 7موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا۔ ملزمان سے رابری اور مویشی چوری سمیت 27وارداتوں کا سراغ لگا لیا گیا، ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او فراز احمد نے ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت کے ہمراہ برآمدہ مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیا۔

چھینا ہوا اور چوری شدہ مال واپس ملنے پر اصل مالکان نے پولیس کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ تھانہ بڑا گھر پولیس ٹیم کی کاوشیں اور کارکردگی قابل ستائش ہے۔ وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی جان و مال کے تحفط میں دن رات کوشاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کی امانتیں انکے حوالے کر کے دلی اطمینان ملتا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل بڑا گھر ریاض بھٹی، ایس ایچ او فیروز بھٹی، معززین علاقہ، مدعیان اور اہلیان علاقہ موجود تھے۔