ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے شعبہ پاکستان سٹڈیز کے تین سکالرز نے اپنی پی ایچ ڈی مکمل کر لی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 13:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے شعبہ پاکستان سٹڈیز کے تین سکالرز نے اپنی پی ایچ ڈی مکمل کر لی۔ سکالر محمد اعجاز عباسی، محمد ارشد اور محمد وقار نے گزشتہ روز اپنے پی ایچ ڈی مقالہ جات کا کامیاب دفاع کیا۔ سکالرز نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پاکستان سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد رضوان کی زیر نگرانی اپنے مقالہ جات مکمل کئے جبکہ ان کے بیرونی ممتحین میں پولیٹیکل سائنس ڈیپارٹمنٹ عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کے پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، پاکستان سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ کے پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ اور سرگودھا یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد اعظم شامل تھے۔

سکالرز کے انٹرنل ایگزامنرز کے فرائض چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد الیاس خان اور چیئرمین ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر انس محمود عارف نے سر انجام دیئے۔

(جاری ہے)

پبلک ڈیفنس میں سکالرز نے شرکاء کے مختلف سوالوں کے جواب دیئے اور اپنے تحقیقی مقالہ جات کی تکمیل کے دوران حاصل ہونے تجربات پر تبادلہ خیال کیا۔ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان سٹڈیز کی ہیڈ عائشہ عالم نے کامیاب سکالرز کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ان سکالرز کی محنت کا ثمر ہے بلکہ شعبہ پاکستان سٹڈیز کے علمی وقار اور تحقیقی معیار میں اضافے کا بھی باعث ہے۔

اس موقع پر مذکورہ تعلیمی شعبے کے سکالرز کے سپروائز، پروفیسرز، فیکلٹی ممبران اور دیگر ساتھ سکالرز بھی موجود تھے۔