سرگودھا میں 14 ارب 50 کروڑ روپے لاگت کے صاف پانی کے دو منصوبے تیارہیں ، ایم ڈی واسا

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر واسا نے سرگودھا شہر کے لیے تقریباً ساڑھے چورہ ارب روپے لاگت کے صاف پانی فراہم کرنے کے دو میگا پراجیکٹس تیار کر لیے ہیں۔ منصوبوں کے پی سی ون کمشنر سرگودہا ڈویژن ملک جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کیے گئے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایم ڈی واسا عزیزاللہ خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی او ایم سی ماجد بن احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، انہار اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

ایم ڈی واسا نے بتایا کہ پہلے پی سی ون میں نہری پانی کا موجودہ بہاؤ 8 کیوسک سے بڑھا کر 27 کیوسیک کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے لیے ریفرنس سیکرٹری انہار کو بھیج دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس نہری پانی کو دو میکانائزڈ ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ذریعے صاف کر کےشہریوں کو فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرے پی سی ون میں نئے ٹیوب ویل لگانے کے ساتھ ساتھ پرانی سپلائی لائنز کی بحالی اور ریہیبلیٹیشن شامل ہے تاکہ پانی کی مجموعی قلت کم ہو اور شہریوں کو بہتر سہولت میسر آ سکے۔

یہ منصوبے ابتدائی مسودہ ہیں، جنہیں پی اینڈ ڈی کی منظوری کے بعد مزید حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں شریک افسران نے اپنی تکنیکی اور انتظامی مہارت کے مطابق تجاویز پیش کیں اور منصوبوں کے فنی، عملی اور صحت عامہ کے پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ ان منصوبوں کی تیاری میں آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے اور ان پر شفافیت اور تیزی کے ساتھ عملدرآمد ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل میں مکمل تعاون کرے گی۔ منصوبے کو پی اینڈ ڈی کی منظوری اور فائنل اسکوپ کے بعد رواں سال ہی عملدرآمد کے مراحل میں داخل کیا جائے گا۔ مزید تفصیلات منظوری کے بعد جاری کی جائیں گی۔