نریندر مودی جدید دور کا ’’راون‘‘ ہیں، کانگریس رہنما

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 16:43

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)کانگریس کے رہنما ادت راج نے وزیر اعظم نریندر مودی کے طرز حکمرانی خاص طور پر معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں جدید دور کا ’’راون‘‘قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس ک مطابق ادت راج نے ’’ایکس ‘‘ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی نے بھارت کے مینو فیکچرنگ شعبے کو کمزور کر دیا اور درآمدات پر ملک کا انحصار بڑھا دیا۔

انہوںنے کہا کہ نریندر مودی جدید راون کی علامت ہیں اور جس طرح وہ سونے کا محل بنا رہے ہیں ،اس میں داخل ہوتے ہی وہ اسے جل اٹھتا دیکھیں گے۔ ادت راج نے کہا کہ آج کے روان مودی کی پالیسیوں نے ہمارے پروڈکیشن کو کمزور کر دیا اور چین پر ہمار انحصار بڑھا دیا۔انہوںنے آر ایس ایس کے صد سالہ جشن کے موقع پر وزیر اعظم مودی کی طرف سے جاری کیے گئے ڈاک ٹکٹ اور سکے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج جو لوگ اقتدار میں ہیں وہ من مانی کر رہے ہیں لیکن جس دن کانگریس اقتدار میں آئے گی تو وہ مذکورہ ڈاک ٹکٹ اور سکے منسوخ کرے گی۔

(جاری ہے)

ادت راج نے ایکس پر مزید لکھا کہ آر ایس ایس کی بنیاد ہی دلت اور پسماندہ طبقات کے خلاف رکھی گئی تھی ۔یاد رہے کہ ’’راون‘‘ ہندو مذہب کی دیومالائی کہانی رامائن کا مرکزی اور بنیادی کردار ہے جس میں اسے لنکا کا بادشاہ اور رام کا حریف دکھایا گیا ہے، جو راکھشس کے طور پر مشہور ہے۔