سول سروسز اکیڈمی میں اقلیتی نوجوانوں کے دوسرے قومی آئوٹ ریچ پروگرام کی اختتامی تقریب

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) والٹن لاہور میں اقلیتی برادریوں کے نوجوانوں کے لیے سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحان کی تیاری کے سلسلے میں قومی آئوٹ ریچ پروگرام برائے اقلیتیں (این او ایم) کے دوسرے بیچ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ایک ماہ پر مشتمل اس رہائشی تربیتی پروگرام میں ملک کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے 42 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں 21 کا تعلق مسیحی، 19 کا ہندو اور 2 کا تعلق مسلم برادری سے تھا۔

یہ پروگرام وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے سول سروسز میں اقلیتوں کی کم نمائندگی کے مسئلے کو دور کرنے کے لیے شروع کیا تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اقلیتوں کے لیے مختص 121 سی ایس ایس آسامیوں میں سے صرف 14 پر تقرریاں عمل میں آئی ہیں،اس کمی کو دور کرنے کے لیے حکومت نے سپیشل سی ایس ایس امتحان متعارف کرایا ہے جس میں عمر کی حد 35 سال اور چار مواقع دئیے گئے ہیں، جبکہ اس سہولت کو بلوچستان، سابقہ فاٹا اور دیگر پسماندہ طبقات تک بھی توسیع دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کیپیسٹی بلڈنگ سی ایس اے ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے کہا کہ یہ پروگرام امیدواروں کو علمی تیاری کے ساتھ اعتماد، وژن اور مقصد فراہم کرتا ہے تاکہ وہ قومی خدمت میں موثر کردار ادا کرسکیں۔مہمانِ خصوصی سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب، فرید احمد تارڑ نے اس اقدام کو شمولیتی طرزِ حکمرانی کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیا اور سول سروسز اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہا۔

ڈائریکٹر جنرل سی ایس اے فرہان عزیز نے کہا کہ اکیڈمی استعداد کار بڑھانے اور کم نمائندگی رکھنے والے طبقات کے لیے تربیتی مواقع میں اضافے کے لیے پرعزم ہے۔ شرکا نے اس پروگرام کو اپنی زندگی کا ایک مثبت اور رہنما تجربہ قرار دیا۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی، جن میں ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن، سابق ڈی جی سی ایس اے خالد محمود، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے محمد حنیف گل اور دیگر ممتاز افراد شامل تھے۔