Live Updates

نیپال میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 22 افراد ہلاک،سڑکیں اور پل بہہ گئے

اتوار 5 اکتوبر 2025 11:40

کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) نیپال میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈز سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ سڑکیں اور پل بہہ گئے اور کئی شاہراہیں بلاک ہو گئیں۔ رائٹرز کے مطابق پولیس ترجمان بینود گھیمیرے نے بتایا کہ مشرقی ضلع ایلام میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوئے۔

جنوبی نیپال میں بجلی گرنے سے 3 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مشرقی ضلع اُدایاپور میں سیلاب کے باعث ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔حکام کے مطابق 11 افراد کو سیلاب بہا کر لے گیا ہے جو ہفتے سے لاپتہ ہیں۔ قومی ادارہ برائے آفات سے بچاؤ و انتظام کی ترجمان شانتی مہات نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی شاہراہیں بند ہو گئیں، پل بہہ گئے اور سیکڑوں مسافر پھنس گئے ہیں۔

کھٹمنڈو ایئرپورٹ کے ترجمان رنجی شیرپا نے کہا کہ اندرون ملک پروازیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں تاہم بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ ضلع سنسری کے گورنر دھرمیندر کمار مشرا نے بتایا کہ کوسی بیراج کے تمام 56 فلڈ گیٹس کھول دیے گئے ہیں تاکہ پانی کا اخراج کیا جا سکے، جبکہ عام حالات میں صرف 10 سے 12 گیٹس کھولے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام بیراج کے پل پر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگانے کی تیاری کر رہے ہیں۔موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پیر تک بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ حکام نے کہا ہے کہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات