غزہ میں ہمیشہ کے لیے قتل عام روکنے کا موقع پیدا ہو گیا،اقوام متحدہ

تمام فریق آگے بڑھیں اور اس تنازعے کے خاتمے لیے اپنا کردار ادا کریں، وولکر ترک

اتوار 5 اکتوبر 2025 14:55

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)اقوام متحدہ کے حقوق کے امور کے لیے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ امن منصوبہ فلسطینی سرزمین میں جاری قتل عام کو ایک بار اور ہمیشہ کے لیے روکنے کا اہم موقع آگیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز کیا ۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے اہم اتحادی اسرائیل سے غزہ کی پٹی میں بمباری روک دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹرمپ کا اسرائیل سے یہ مطالبہ فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے ٹرمپ امن منصوبے پر کافی حوصلہ افزا ریسپانس کے بعد سامنے آیا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز بھی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھا ہے۔وولکر ترک نے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے حوالے سے امید ظاہر کی ہے کہ جس رفتار سے امن منصوبے کو پذیرائی ملی ہے اس سے غزہ میں لڑائی کے مستقل خاتمے کی راہ ہموار ہو جائے گی اور بعد ازاں غزہ کی بحالی و تعمیر کا آغاز ممکن ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

اقوم متحدہ کے اس سربراہ کے دفتر کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا گیا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے مطابق تنازعے کا دوریاستی حل انتہائی ضروری ہے۔وولکر ترک نے کہا یہ تمام فریقوں کے لیے ایک اہم موقع ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور اس تنازعے کے خاتمے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ خصوصا بااثر ملکوں کو بھی چاہیے کہ وہ اس قتل عام کو اب ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا موقع بروئے کار لائیں۔ غزہ کی طرف انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا راستہ کھولیں اور قیدیوں کی رہائی ممکن بنائیں۔