تھرپارکر ،بھارتی فورس کی جانب سے بارڈر پر پچاس بکریاں زخمی، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

اتوار 5 اکتوبر 2025 15:00

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) تھرپارکر کے گاؤں سنورانی کے رہائشیوں کی بکریاں بھارتی بارڈر کی طرف ممنوعہ رینج میں جانے کی وجہ سے انڈین آرمی نے پانچ بکریوں کو ہلاک اور پچاس بکریوں کو زخمی کردیا۔ یہ واقعہ ایک روز قبل شام کو ضلع تھرپارکر تحصیل ڈاہلی کے گاؤں سنورانی میں پیش آیا، یہ گاؤں پاک بھارت بارڈر کے قریب اور پاک رینجرز کی سنورانی چیک پوسٹ ونگ چہاچہرو کی حدود میں ہے، بھارتی فورسز نے زیرو لائن عبور کرنے والی 55 بکریوں کو تیز دار اوزار سے نشانہ بنا کر زخمی کیا، جس کے نتیجے میں پانچ بکریاں ہلاک اور 50 بکریاں زخمی ہوئی ہیں، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لیاقت علی بلوچ نے نوٹس لیتے ہوئے محكمہ لائیو اسٹاک کو زخمی بکریوں کا علاج کرنے کی ہدایت کی، محکمہ لائیو اسٹاک تھرپارکر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر اجے کمار نے اے پی پی کو بتایا کے 40 زخمی بکریاں مالکان نے عمرکوٹ میں قصائیوں کو فروخت کر دیں اور گاؤں میں 10 زخمی بکریوں کا علاج اور ادویات فراہم کی گئی ہے، رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لیاقت علی بلوچ نے اے پی پی تھرپارکر کو تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جیسے واقعے کا معلوم ہوا تو بروقت اسسٹنٹ کمشنر اور مختیارکار تحصیل ڈاہلی کو سرزمين پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر اور مختیارکار گاؤں سنورانی پہنچ کر رپورٹ دی کے واقع گاؤں کے قریب بارڈر ایریا پر ہوا ہے، وہاں سے پاک رینجرز کی مدد سے گاؤں والوں نے 50 زخمی بکریوں کو گاؤں پہنچایا ہے اور پانچ بکریاں ہلاک ہوئی ہیں، جس میں عبداللہ راہموں کی 22، قمرالدین کی 14 ، لال محمد کی 05، عبدالمجيد کی 06 اور قائم الدین راہموں کی 03 زخمی بکریاں شامل ہیں، جبکہ کے ہلاک ہونے والی بکریوں میں عبداللہ راہموں کی 02، قمرالدین کی 02 اور قائم الدين کی ایک بکری شامل ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی بھارتی فورسز کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے پریس ترجمان عبدالرشید چنا نے پریس بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر کے گاؤں سنورانی میں معصوم جانوروں پر تشدد کا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے مذمت کی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ متاثرہ مالکان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، زخمی جانوروں کے علاج کیلئے لائیو اسٹاک ٹیم جائے وقوعہ پر ابھی تک موجود ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارتی فورسز کا رویہ امن کے اصولوں کے منافی ہے، بھارتی فورسز کا اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، معصوم جانوروں پر تشدد درندگی کی بدترین مثال ہے، ایسے واقعات انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو معاملہ سفارتی سطح پر اٹھانے کی سفارش کی جائے گی، حکومت سندھ جانوروں کے تحفظ اور فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔\378