فیصل آباد ،الائیڈ ہسپتال ٹو کی ایمرجنسی پارکنگ میں تہرے قتل میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

اتوار 5 اکتوبر 2025 15:50

مکو آ نہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)فیصل آباد پولیس نے ہسپتال ایمرجنسی پارکنگ میں فائرنگ واقعہ میں تہرے قتل کے 5 دہشتگرد ملزمان گرفتار کرلئے۔ سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے پولیس لائن کمپلیکس میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ فیصل آباد پولیس نے الائیڈ ہسپتال ٹو کی ایمرجنسی پارکنگ میں فائرنگ کرکے 3 افراد بابر، صابر اور ملازم حسین کو قتل کرنے والے قتل اور دہشتگردی کے مقدمہ میں مطلوب ملزمان طاہر اسلم ولد محمد اسلم سکنہ چک نمبر 215 رب نیٹھری فیصل آباد، انتظارعرف شاہد ولد محمد اسلم سکنہ چک نمبر 215 نیٹھری فیصل آباد,بلال ولد حاضی خاں چک نمبر 215 رب نیٹھری فیصل آباد، گلفام ولد محمد اشرف سکنہ چک نمبر 215 ر ب ککوآنہ فیصل آباد اور علی احمد ولد خلیل احمد سکنہ چک نمبر 215 ر ب ککوآنہ فیصل آباد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مقدمہ تھانہ سول لائن فیصل آباد میں جعفر علی ولد محمد معمور سکنہ چک نمبر 215 ر ب نیٹھری فیصل آباد کی مدعیت میں درج ہوا۔ مقدمہ کے مطابق مورخہ 05.09.25کو بابر، صابر، ندیم اور عمار حیدر تاریخ پیشی کے سلسلہ میں کچہری آئے۔ کچہری میں ان کامخالف فریق سے لڑائی جھگڑا ہوا۔ مضروب مدعیان میڈیکل کے حصول کی غرض سے الائیڈ ہسپتال II فیصل آباد آئے تو وہاں ملزمان طاہر، انتظار، بلال، ملازم حسین گلفام اور علی احمد نے صابر اور بابر وغیرہ پر جان لیوا حملہ کر دیا، ملزمان کی دو طرفہ فائرنگ سے تین افراد بابر، صابر اور ملازم حسین موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ جعفر علی زخمی ہوگیا۔

ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ ملزمان کیخلاف انسداد دہشت گردی اورقتل و اقدام قتل کی دفعات سمیت تھانہ سول لائن فیصل آباد میں مقدمہ درج ہوا۔ دونوں فریقین کی زمین کے تنازعے پر پہلے مقدمہ بازی چل رہی تھی۔سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے بتایا کہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتار ی کیلئے ایس پی لائل پور ڈویژن عابد ظفر کی سربراہی میں سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

ایس پی لائل پور ڈویژن کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن سب انسپکٹر علی اکبر نے ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو برؤئے کار لاتے ہوئے تہرے قتل کے مقدمہ میں پانچ ملزمان طاہر اسلم، انتظار، بلال، گلفام،علی احمد کو گرفتار کر لیا۔ بریفنگ کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس جرائم کی شرح کو کنٹرول کرنے کیلئے دستیاب وسائل میں ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ ہے، میڈیا کی تنقید کو مثبت سوچ کے ساتھ دیکھتے ہیں، بہتری کی تجاویز کو زیر غور لایا جائے گا، امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کی بہتری کی تجاویز پر طے شدہ طریقہ کار کے مطابق عملدرآمد ہوگا۔