Live Updates

راولپنڈی کی سب سے بڑی اور تاریخی سڑک مری روڈ کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی ، ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی مری روڈ کو سرسبز اور خوبصورت بنا دیا گیا ہے۔ راولپنڈی کی سب سے بڑی اور تاریخی سڑک مری روڈ کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ بے ہنگم اورخستہ حال مری روڈ کو گرین کوریڈور میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ ہاوس کے مطابق سکستھ روڈ پر پل کے نیچے شہریوں خاص طور پر نوجوانوں کے لئے خوبصورت ٹینس کورٹ بھی بنا دیا گیا ۔

سکستھ روڈ کے نیچے اور اردگرد کے راستوں کو خوبصورت پودوں، پھولوں اور درختوں سے سجا دیا گیا ہے۔ ماضی میں یہ مقامات کوڑے کرکٹ کے ڈھیر بنے ہوئے تھے ۔ سکستھ اور سیونتھ روڈ پر شہریوں کے بیٹھنے کے لئے خوبصورت انتظار گاہیں بھی بنا دی گئیں ۔

(جاری ہے)

چاندنی چوک پر خوبصورت کلاک ٹاور کی اپ گریڈیشن بھی مکمل ہو گئی ہے۔ مری روڈ اور میٹرو کے راستے کے دونوں اطراف پودوں اور پھولوں کی کیاریاں بنا دی گئیں ۔

میٹرو پل کے ستونوں کو بھی بیلوں اور پھولوں سے ڈھانپ دیا گیا ۔ گردو غبار سے پاک، پودوں اور پھولوں سے آراستہ مری روڈ شہریوں کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بن گئی ۔ رات کو خوبصورت روشنیوں نے مری روڈ کی خوبصورتی دوبالا کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت دل رکھنے والے راولپنڈی کے شہریوں کو مری روڈ کو خوبصورت اور سرسبز بنا کر ایک تحفہ دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پی ایچ اے سمیت تمام ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہری نہ صرف آلودگی سے بچیں گے بلکہ معیاری سفر کے دوران راولپنڈی کی خوبصورتی سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے اہلیان راولپنڈی کو مبارک دیتے ہوئے کہاکہ نواز شریف کے وژن کے تحت مری روڈ بنائی، میٹرو بنائی، اب اس کی مرمت، صفائی اور خوبصورتی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے ہر شہر کو جدید، صاف ستھرا، سرسبز اور بہترین سہولیات کی مثال بنا کر رہوں گی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات