لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام، پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایس پیز اور سپروائزری افسران گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد موثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی شر پسند عنصر پر کڑی نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس نے مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے میثاق سینٹرز قائم کیے ہیں تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔