حماس نے اقتدار نہ چھوڑا تو صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے گا، ٹرمپ کی پھر دھمکی

اتوار 5 اکتوبر 2025 21:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بار پھر حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حماس نے اقتدار نہ چھوڑا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے گا۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ اگر حماس نے اقتدار چھوڑنے اور غزہ کا کنٹرول دینے سے انکار کیاتو اسے مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑے اور صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے گا۔

امریکی صدر کا یہ بیان ان کوششوں کے دوران سامنے آیا ہے جو ان کے مجوزہ جنگ بندی منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔جب سی این این کے اینکر نے ٹرمپ سے ٹیکسٹ پیغام کے ذریعے پوچھا کہ اگر حماس اقتدار میں رہنے پر اصرار کرتی ہے تو کیا ہوگا، تو ٹرمپ نے جواب دیا، مکمل تباہی!جیک ٹیپر نے صدر سے سوال کیا کہ سینیٹر لنزے گراہم کے مطابق حماس نے ٹرمپ کے 20 نکاتی جنگ بندی منصوبے کو مؤثر طور پر مسترد کر دیا ہے کیونکہ وہ غیر مسلح ہونے سے انکار کر رہی ہے، غزہ کو فلسطینی کنٹرول میں رکھنے پر اصرار کر رہی ہے، اور یرغمالیوں کی رہائی کو مذاکرات سے مشروط کر رہی ہے، تو کیا گراہم غلط ہیں اس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ’ م دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

وقت ہی بتائے گا!!!صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں جلد ہی اس بات پر وضاحت کی امید ہے کہ آیا حماس واقعی امن کے لیے پرعزم ہے یا نہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو غزہ میں بمباری ختم کرنے اور صدر کے وسیع تر وڑن کی حمایت پر متفق ہیں، تو ٹرمپ نے کہا کہ ہاں بی بی ( نیتن یاہو) اس پر متفق ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ ان کا جنگ بندی منصوبہ جلد حقیقت بنے گا، اور اس کے حصول کے لیے وہ ’ سخت محنت کر رہے ہیں۔