پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی کے سکولوں میں سموگ سیزن کے دوران آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی

پیر 6 اکتوبر 2025 16:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں سموگ سیزن کے دوران احتیاطی اقدامات سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، آؤٹ ڈور سرگرمیوں کی معطلی، آگاہی مہمات کا انعقاد، ماسک کے استعمال کو یقینی بنانا، سکول احاطوں میں کچرا جلانے پر پابندی، اور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیوآئی ) کی روزانہ نگرانی یقینی بنانا ہوگا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں سموگ کا موسم شروع ہونے والا ہے اور آئندہ دنوں میں اس کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جو خاص طور پر سکول جانے والے بچوں کے لیے صحت کے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکولوں میں سموگ سے بچاؤ اور آگاہی کے اقدامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

محکمہ کے مطابق سکولوں میں آگاہی مہمات چلائی جائیں جن میں اساتذہ، والدین اور طلبہ کو سموگ کے نقصانات اور احتیاطی تدابیر جیسے ماسک کے استعمال، زیادہ پانی پینے، اور کھلی فضا میں سرگرمیوں سے گریز کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سموگ کے دنوں میں اسمبلیاں، کھیل اور جسمانی تربیت کی سرگرمیاں معطل کی جائیں، کلاس رومز کو صاف اور ہوادار رکھا جائے، اور سانس یا دل کے مریض طلبہ کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہر ضلع میں ایک فوکل پرسن نامزد کیا جائے جو ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز سے رابطے میں رہے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری معاونت فراہم کرے۔محکمہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی ) کی روزانہ نگرانی کی جائے اور آگاہی مہمات کی تفصیلات بشمول سوشل میڈیا لنکس 5 اکتوبر 2025تک محکمہ کو ارسال کی جائیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام افسران پر زور دیا ہے کہ بچوں کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی ذاتی نگرانی اور بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ سموگ سیزن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔