راولپنڈی ،کمشنر نے راولپنڈی میں ہونے والی شدید بارش کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک رہنے کی ہدایت کر دی

پیر 6 اکتوبر 2025 14:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے آج راولپنڈی میں ہونے والی شدید بارش کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC)، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام ادارے فیلڈ میں موجود رہیں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔

کمشنر راولپنڈی نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے تمام راستے فوری طور پر صاف کیے جائیں، کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور نالہ لئی سمیت دیگر نکاسی کے نظام پر کڑی نظر رکھی جائے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ برساتی نالوں اور سڑکوں پر کچرے کی صفائی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل افسران اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ میں موجود رہیں، صورتحال کا مسلسل جائزہ لیں اور اپنی رپورٹیں کنٹرول روم کو ارسال کریں۔ ضلعی کنٹرول روم کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے اور عوام کے لیے ہیلپ لائن پر فوری رسپانس یقینی بنایا جائے۔

کمشنر راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، بجلی کے کھمبوں اور نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً 1122 یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کریں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو،\378

متعلقہ عنوان :