ٹرمپ انتظامیہ کے دبائو پر ایپل نے امیگریشن اہلکاروں کی نقل و حرکت بتانے والی ایپس ہٹا دیں

پیر 6 اکتوبر 2025 16:25

ٹرمپ انتظامیہ کے دبائو پر ایپل نے امیگریشن اہلکاروں کی نقل و حرکت بتانے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے ایپ اسٹور سے ایسی ایپس ہٹا دی ہیں جو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ اہلکاروں کی نقل و حرکت کو گمنام طور پر رپورٹ کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔ یہ اقدام مبینہ طور پر ٹرمپ انتظامیہ کے دبا کے تحت کیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، پچھلے چند مہینوں میں یہ ایپس تیزی سے مقبول ہو رہی تھیں کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے بڑے پیمانے پر ملک بدری مہم شروع کر رکھی تھی۔

ان ایپس کے ذریعے شہری امیگریشن اہلکاروں کی سرگرمیوں کی اطلاع دیتے تھے تاکہ تارکینِ وطن کو خبردار کیا جا سکے تاہم انتظامیہ کے مطابق یہ ایپس قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانوں کے لیے خطرہ بن رہی تھیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر ٹیکساس میں ایک امیگریشن سینٹر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد حکومت نے ان ایپس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے حملے سے قبل ایسی ہی ایک ایپ استعمال کی تھی، جس کے نتیجے میں دو قیدی ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔کمپنی کی جانب سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، تاہم ماہرین کے مطابق یہ اقدام امریکی حکومت اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان سیاسی دبا اور اظہارِ رائے کی آزادی پر ایک نئے مباحثے کو جنم دے سکتا ہے۔