ڈپٹی کمشنر لاہور کے دورے، کلین لاہور مشن کے تحت میونسپل سروسز کا جائزہ لیا

پیر 6 اکتوبر 2025 16:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے کلین لاہور مشن کے تحت بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کے دوروں کا سلسلہ بھی شہر میں بہترین میونسپل سروسز کو یقینی بنانے کے لیے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحصیل شالیمار کا تفصیلی دورہ کیا اور مغلپورہ چوک، فتح گڑھ اور سلامت پورہ کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سی او ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ موجود تھے۔اے سی شالیمار نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو میونسپل سروسز، صفائی کے میکنزم اور فیلڈ سرگرمیوں پر جامع بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران انہوں نے واسا حکام کو بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور نالوں کی روزانہ صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بارش کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔سی ای او ہیلتھ نے ڈی سی لاہور کو انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ جہاں کہیں ڈینگی لاروا پایا جائے وہاں فوری سپرے کیا جائے اور ٹیمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور ناجائز تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق لاہور کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہمارا ہدف ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے شہری سہولت اور صفائی کے بہتر انتظامات کے لیے اقدامات روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں جبکہ تمام ادارے مل کر کلین لاہور مشن کی کامیابی کے لیے متحرک ہیں۔