ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اسپیکر سردار ایاز صادق

پیر 6 اکتوبر 2025 19:49

ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینا ہماری ترجیحات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سفیر رضا امیری مغدام کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں برادر ممالک کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، ایران پاکستان کا قابل اعتماد برادر ہمسایہ ملک ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے، دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کے دو ٹوک موقف پر ایرانی عوام اور حکومت پاکستان کی تہہ دل سے شکرگزار ہے۔ایرانی سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سب سے پہلے ایران سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا اورکہا کہ پاکستان نے تمام عالمی فورمذ پر ایران کی حمایت کی جس کا ایران تہہ دل سے شکرگزار ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ایرانی سفیر نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی تعاون کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ایرانی سفیر نے کہا کہ اسپیکر سردار ایاز صادق کا دونوں ممالک کی پارلیمانو ں میں رابطوں کو فروغ دینے میں کردار قابلِ تحسین ہے۔